بنگلورو،28؍مارچ(ایس او نیوز) ریاستی وزیر داخلہ ایم بی پاٹل نے مرکزی حکومت کی طرف سے ریاست کے سیاسی قائدین کو نشانہ بنانے کے لئے محکمۂ انکم ٹیکس کے غلط استعمال کی مذمت کی ہے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس بات سے کسی کو انکار نہیں کہ محکمۂ انکم ٹیکس خود مختار ہے اور کسی کے خلاف بھی کارروائی کرسکتا ہے، لیکن کارروائی کے لئے جو وقت چنا گیا ہے اسے دیکھ کر اکثر لوگوں میں شکوک وشبہات پیدا ہوگئے ہیں جن کا ازالہ کرنے میں سرکاری ایجنسیاں ناکام ہیں۔
انہوں نے کہاکہ محکمۂ انکم ٹیکس اگر واقعی اپنی کارروائی میں غیر جانبدار ہوتا تو صرف ایک یا دو سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں کو نشانہ نہ بناتا ، انہوں نے کہاکہ اقتدار کی ہوس کو پورا کرنے کے لئے وزیر اعظم مودی نہ صرف محکمۂ انکم ٹیکس ، بلکہ سی بی آئی ، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور دیگر ایجنسیوں کا بھی غلط استعمال کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ محکمۂ انکم ٹیکس کے چھاپوں کے متعلق وزیراعلیٰ کمارسوامی کے خدشوں پر انہوں نے کہاکہ کمار سوامی ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیں اور بحیثیت وزیراعلیٰ اطلاعات کے لئے ان کا ایک اپنانیٹ ورک ہوتاہے جس کی بنیاد پر ہوسکتاہے کہ پہلے میں پتہ چل گیا ہو۔
انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی طرف سے جانبدارانہ طور پر کئے جانے والے آئی ٹی چھاپوں کی کانگریس اور جے ڈی ایس سخت مذمت کرتے ہیں اور اس کے علاوہ باقاعدہ تحریک چلانے کے ساتھ ریاستی عوام کے سامنے یہ بات رکھی جائے گی کہ بی جے پی اقتدار کے لئے کس حد تک گر چکی ہے۔